کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو پاکستانی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت قرار دیتے ہوئے کہاہےکہ ناجائز وزیراعظم کی وجہ سےعوام مشکلات سےدوچار ہے،پٹرول کی قیمت چار چار بار بڑھانا ظلم اورناانصافی ہے،حکومت نےغریب عوام کو مشکل حالات میں لا وارث چھوڑ دیاہے، پاکستان آج جہاں کھڑا ہے، تاریخ میں اس مقام پر نہیں تھا۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے قرار دیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ ترین حکومت ہے، اس کے مالم جبہ کیس، بلین ٹری سونامی منصوبے میں کرپشن کی گئی،پاکستان خطےمیں واحد ملک ہےجس کا گروتھ ریٹ منفی میں ہے،پاکستان کا گروتھ ریٹ منفی میں جانا شرمناک بات ہے۔بلاول بھٹو زرداری نےکہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا آج تک کوئی جواب نہیں ملا، پی ٹی آئی کے اپنے ہی ممبر نے یہ الزام لگایا کہ یہ فارن فنڈڈ جماعت ہے، ہمیں بتایا جائے کہ وہ کون لوگ تھے جنہوں نے پی ٹی آئی کو اتنا پیسہ دیا؟کوئی تو وجہ ہوگی کہ انہیں فنڈنگ کی گئی؟ یہ انتہائی سنگین الزام ہے جس کی حقیقت سامنے آنی چاہیے۔