امریکی صدر کی سکیورٹی کیلئے آنے والے نیشنل گارڈز خود غیر محفوظ، انتہائی خطرناک بیماری میں مبتلا ہوگئے

امریکی صدر کی سکیورٹی کیلئے آنے والے نیشنل گارڈز خود غیر محفوظ، انتہائی خطرناک بیماری میں مبتلا ہوگئے

By

واشنگٹن: امریکہ کے 46 ویں صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کو محفوظ بنانے والے نیشنل گارڈز خود غیر محفوظ ہوگئے، 20جنوری کو ڈیوٹی دینے والے 200 گارڈز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کو محفوظ بنانے اور کسی بھی متوقع ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کیلئے 20 جنوری کو 25 ہزار نیشنل گارڈز نے ڈیوٹی سرانجام دی۔ انہیں 6جنوری کو کیپٹل بلڈنگ پر ہونے والے حملے کے بعد تعینات کیا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ کے حامیوں کی اس ہنگامہ آرائی میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی کرنے والے 150 سے 200 گارڈز کے جمعہ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ، چونکہ گارڈز کی بڑی تعداد تعینات تھی اس لیے ان کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

نیشنل گارڈز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ کورونا کیسز کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کریں گے البتہ جتنے بھی گارڈز کو واشنگٹن لایا گیا تھا ان کے پہلے ٹیسٹ کیے گئے تھے اور ڈیوٹی کے دوران بھی باقاعدگی کے ساتھ ان کے مختلف ٹیسٹ جاری رہے تھے۔

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے گزشتہ روز اس خدشے کا اظہار کیا کہ امریکہ میں کورونا کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد چھ لاکھ سے بڑھ سکتی ہے۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکہ میں کورونا سے ہلاکتیں چار لاکھ 10 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔ 

You may also like