واشنگٹن نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے پرانے ساتھی کو وائٹ ہاﺅس کا چیف آف سٹاف نامزد کردیا, برطانوی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن نے 1980 سے اپنے ساتھ خدمات انجام دینے والے رون کلین کو
چیف آف وائٹ ہاﺅس سٹاف نامزد کیا ہے۔رون کلین نے 1980 میں جوبائیڈن کے ساتھ سینیٹ میں خدمات انجام دیں اور وہ نائب صدارت کے دور میں بھی جوبائیڈن کے ساتھ کام کرتے رہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رون کلین سابق صدر اوباما کے دور میں ان کے سینئر نائب کے طور پر کام کررہے تھے جب کہ وہ سابق امریکی نائب صدر الگور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔امریکی صدارتی انتخابات 2000 کے حوالے سے بننے والے ایک فلم ری کاﺅنٹ میں امریکی اداکار کیون اسپیسی نے رون کلین کا کردار ادا کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاﺅس کے چیف آف سٹاف کی ذمہ داریوں میں صدر کا روزانہ کا شیڈول مرتب کرنا شامل ہیں جب کہ یہ ایک سیاسی تقرری ہوتی ہے جس میں سینٹ کی توثیق کی ضرورت نہیں ہوتی۔نومنتخب صدر نے اپنی نئی ٹیم کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے رون کلین کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔