اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان ملک پر مسلط ہیں، 2018 کے آر ٹی ایس کو بٹھانے کا تسلسل جاری ہے، گلگت بلتستان کے انتخابات آ رہے ہیں، یہ شہباز شریف کو گرفتار کرانا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا کہ جب ایک سلیکٹڈ حکومت عوام کا مینڈیٹ لے کر نا آئی ہو تو وہ پاکستان کی نہ عوام کی ترجمانی کر سکتی ہے اور نا ہی اُن کی تکلیف اور فلاح کیلئے کام کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف دی جانے والی درخواست میں بھی جعلسازی کی گئی، شہباز شریف کیخلاف 58 والیم پر مشتمل ریفرنس دائر کیا گیا، 58 والیم اور 110 گواہوں کے بیانات میں ایک لفظ شہباز شریف کیخلاف نہیں، شہباز شریف 60 دن نیب کے عقوبت خانے میں تھے، شہباز شریف کیخلاف ریفرنس دائر ہوچکا، اب گرفتاری کیوں ضروری ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ایک نالائق اور کرپٹ ٹولہ پاکستان پر مسلط کیا گیا، یہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین نیب کو مالم جبہ، بلین ٹری سونامی، آٹا چوری کا رنگ لیڈر نظر نہیں آتا، عمران خان نیب کے ذریعے شہباز شریف کو کیوں گرفتار کرانا چاہتے ہیں؟ قانون کا قتل کر کے اپنی مرضی کے مطابق استعمال کیا گیا، شہباز شریف اے پی سی کے ہر فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔