روس میں خود کو آگ لگانے والی خاتون صحافی کی موت واقع ہو گئی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اس صحافی کا نام ایرینا سلیوینا تھا جس نے خودسوزی سے قبل اپنے فیس بک اکاﺅنٹ پر ایک پوسٹ کی تھی جس میں لکھا تھا کہ ”میری موت کی ذمہ دار روسی فیڈریشن ہے۔“ایرینا نے بتایا کہ جمعرات کے روز پولیس نے اس کے فلیٹ کی تلاشی لی اور روس کے جمہوریت پسند گروپ ’اوپن رشیا‘ سے متعلق مواد قبضے میں لے لیا۔ یہ مواد ایرینا کے کمپیوٹرز میں محفوظ تھا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس اور فیڈریشن پر مذکورہ الزامات عائد کرنے کے بعد ایرینا نے وزارت داخلہ کے سامنے گورکی سٹریٹ میں ایک بینچ پر بیٹھ کر خود کو آگ لگا لی۔ اس واقعے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک آدمی دوڑ کر ایرینا کے جسم کو لگی آگ بجھانے کی کوشش کرتا ہے لیکن ایرینا اسے پیچھے دھکا دے دیتی ہے۔ کچھ ہی دیر میں ایرینا زمین پر گر جاتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خود سوزی کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم اس کا جسم بری طرح جھلس چکا تھا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز وہ دم توڑ گئی۔ ایرینا شادی شدہ اور ایک بچی کی ماں تھی۔